راولپنڈی: اینٹی کرپشن پنجاب نے ن لیگی رہنما چوہدری تنویر کی راولپنڈی میں رہائشگاہ پر چھاپہ مارا ہے تاہم لیگی رہنما کی گھر میں عدم موجودگی کے باعث گرفتاری کی کوشش ناکام ہو گئی.
ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم چوہدری تنویر کو گرفتار کرنے کیلئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچی تاہم چوہدری تنویر چھاپے کے وقت اپنی رہائش گاہ پر موجود نہ تھے، اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے گھر کے کمروں کی بھی تلاشی لی۔
واضح رہے کہ چوہدری تنویر کیخلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں سرکاری اراضی پر قبضہ اور فراڈ کا الزام ہے جس پر اینٹی کرپشن محکمہ نے سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے پر سابق سینیٹر کیخلاف مقدمہ درج کررکھا ہے، پولیس اور اینٹی کرپشن یونٹ کے اہلکار تاحال چودھری تنویر کی رہائش گاہ کے باہر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ چوہدری تنویر اپنے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے چند روز قبل بیرون ملک سے پاکستان آئے تھے۔