ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

07:14 PM, 10 Mar, 2021

اسلام آباد: ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں اور ان کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے خود اس بات کی تصدیق کی کہ وہ وبائی مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

اپنی ٹویٹ میں قاسم سوری کا کہنا تھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ہے۔ مجھے دو تین دنوں سے ہلکا سا بخار اور سر میں درد تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ سب سے اپنی خاص دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست ہے۔

قاسم سوری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو اس موذی وبا سے محفوظ رکھے۔ براہِ کرم اس تیسری لہر کو سنجیدگی سے لیں اور خاص طور پر اپنے بزرگوں کو کورونا ویکسین لازمی لگوائیں۔

دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ ترجمان وٹو ہاؤس کے مطابق میاں منظور وٹو نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ انہوں نے دوست احباب سے اپنی جلد صحت یابی کیلئے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ دوسری بار مثبت آیا ہے جبکہ ہلکا بخار اور سر درد ہے۔

مزیدخبریں