لاہور:چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے جلد دوبارہ آغاز سے قوم میں خوشی کی لہر دوڑ جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی، مینٹور ہاشم آملہ اور فرنچائز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز محمد اکرم نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس دوران انہوں نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے کردار ادا کرنے پر غیر ملکی کرکٹرز کو سراہا اور ایونٹ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
پشاور زلمی کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران مہمانوں نے آرمی چیف کو پاکستان کے مختلف حصوں کے اپنے دوروں کے بارے میں تجربات سے آگاہ کیا اور مہمانوں نے پاکستان کو ایک خوبصورت اور پرامن ملک قرار دیا۔ آرمی چیف نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے کردار پر کرکٹرز کو سراہا اور ایونٹ کی کامیابی اور ترقی پر کرکٹرز کو مبارکباد دی۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی اور کرکٹرز نے ملاقات اور حوصلہ افزائی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جلد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوبارہ آغاز سے قوم میں خوشی کی لہر دوڑ جائے گی۔