اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینٹ الیکشن میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوارا یوسف رضا گیلانی سمیت 48 سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جن میں اسلام آباد کی خواتین نشست پر کامیاب ہونے والی پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کے پی سے ٹیکنوکریٹ دوست محمد خان، ہمایوں مہمند اور اقلیتی رکن گردیپ سنگھ کی بطور سینیٹرکامیابی کا اعلان کیا گیا ہے، خواتین کی نشست کیلئے ثانیہ نشتر اور فلک ناز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوا ہے۔الیکشن کمیشن نے سندھ سے شیری رحمن، فیصل سبزواری، سلیم مانڈوی والا کی کامیابی کا نوٹیکفیشن جاری کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے تاج حیدر ، فیصل واوڈا ، شہادت اعوان، جام مہتاب ڈہر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔
سندھ سے فاروق نائیک ، سیف اللہ ابڑو ، پلوشہ خان اور خالدہ عتیق کی کامیابی کا نوٹیکفیشن بھی جاری ہوا ہے جبکہ پنجاب سے کامل علی آغا ،سیف اللہ نیازی ،افنان اللہ خان ،اعوان عباسی کی کامیابی کا نوٹیکفیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے اعجاز چوہدری ، ساجد میر اور عرفان صدیقی کی کامیابی کا نوٹیکفیشن بھی جاری کردیا۔خیبرپختونخوا سے محسن عزیز،لیاقت ترکئی، شبلی فراز کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوا۔ہدایت اللہ خان، فیصل سلیم رحمان،عطا الرحمن،ذیشان خانزادہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جار ی کر دئیے گئے ۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی ،علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹی فکیشنز جاری کردیے۔ الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی اور فیصل واوڈا سمیت تمام 48 نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی کے نوٹی فکیشن جاری کردیے۔
واضح رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے الیکشن میں اپوزیشن کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دی تھی۔پاکستان تحریک انصاف نے یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں جیت کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا اور ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کی تھی جسے الیکشن کمیشن نے مسترد کیا۔اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔