اسلام آباد : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، لاہور ، گجرات ، ملتان میں 15 سے 28 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ سیالکوٹ میں بھی 15 مارچ سے 2 ہفتے کے لئے اسکول بند رہیں گے اس کے علاوہ اسلام آباد کے تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں حالات تقریباً ٹھیک ہیں ، سندھ اور بلوچستان میں 50 فیصد بچے اسکول آئیں گے جبکہ پنجاب ، خیبرپختونخوا ، آزاد کشمیر میں مسائل نظر آئے ہیں ۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں حالات خراب ہونے پر اسکول بند کر سکتی ہیں ، صوبائی حکومتیں باریک بینی سے معاملات کا جائزہ لیں ۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تقریحی پارک شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں دفاتر میں 50 فیصد حاضری پر دوبارہ اتفاق کیا گیا ہے اس کے علاوہ شادی ہال سے متعلق پالیسی برقرار رہے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماسک کے استعمال پر مستقل روز دے رہے ہیں ، بیماری کے پھیلاؤ کے تناسب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگاتے رہیں گے ۔