لندن: ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے اپنے پوتے شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کی جانب سے عائد الزامات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ساری صورتحال میرے لئے پریشانی کا باعث ہے، ان معاملات کو خاندانی طور پر ہی حل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ میگھن مارکل نے گزشتہ دنوں امریکا کی مشہور ٹیلی وژن میزبان اوپرا ونفرے کو دیئے گئے انٹرویو میں شاہی خاندان پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے عالمی سطح پر ایک طوفان کھڑا کر دیا تھا۔ اپنے انٹرویو میں انہوں نے نسلی تعصب سمیت دیگر الزامات عائد کئے تھے۔
ان الزامات کے بعد ساری دنیا کی نظریں بکھنگم پیلس کی جانب تھیں کہ وہ ان الزامات پر کوئی بیان جاری کرے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی جانب سے سرکاری سطح پر ایک اہم بیان جاری کر دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ میگھن مارکل کی جانب سے امریکی ٹیلی وژن کو انٹرویو میں جو الزامات لگائے گئے ہیں وہ بہت سنجیدہ نوعیت کے ہیں، ان پر بہت غور وخوض کیا جا رہا ہے۔
ملکہ الزبتھ نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کیساتھ شاہی محل میں پیش آنے والے رویوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ بات انتہائی دکھ کا باعث ہے کہ دونوں نے برطانیہ میں اپنے اوقات کتنے کرب میں گزارے، یہ سن پر بہت دکھ ہوا۔
بکھنگم پیلس نے ملکہ برطانیہ کی جانب سے بیان میں واضح طور پر شہزادہ ہیری، ان کی اہلیہ میگھن مارکل اور صاحبزادے آرچی کے ساتھ اپنی الفت اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تینوں شخصیات شاہی خاندان کے عزیز رکن ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
خیال رہے کہ میگھن مارکل کے انٹرویو کے بعد برطانیہ کے شاہی خاندان کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا تھا جس میں الزامات پر غور کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہی خاندان چاہتا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کا خاندان واپس آ جائے۔