ممبئی: بیوی کی جاسوسی کے الزام میں بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی کو پولیس نے تحقیقات کیلئے پیش ہونے کا سمن جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوازالدین صدیقی پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر نجی جاسوسوں سے اپنی اہلیہ کا فون ریکارڈ حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔ ریاست مہاراشٹر اور ممبئی کے نواحی شہر تھانے کی کرائم برانچ پولیس اسٹیشن نے نوازالدین صدیقی، ان کی اہلیہ اور ان کے وکیل رضوان صدیقی کو بدنام زمانہ کیس ‘کال ڈیٹیل ریکارڈ‘ کیس کی جاری تحقیقات میں پیش ہو کر اپنا ریکارڈ بیان کرانے کے لیے سمن جاری کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار سمیت تینوں افراد کو سی ڈی آر کیس میں ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے اور 11 افراد کی گرفتاری کے بعد سمن جاری کیا گیا۔ نوازالدین صدیقی کو جاری کیے گئے سمن میں انہیں پولیس تھانے پہنچ کر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کو کہا گیا تھا۔