سینیٹر طاہر مشہدی نے ایم کیو ایم پاکستان سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا

سینیٹر طاہر مشہدی نے ایم کیو ایم پاکستان سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا

کراچی: سینیٹر طاہر مشہدی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے دونوں گروپوں سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا۔طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی کے حالیہ طرز عمل سے پارٹی کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کو نالائق قرار دیتے ہوئے طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ اس قیادت کا کوئی وژن نہیں۔ طاہر مشہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی آپس کی لڑائیوں نے پارٹی کو تباہ کر دیا اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو ایم کیو ایم پاکستان آئندہ الیکشن ہار جائے گی۔

یاد رہے گذشتہ دنوں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کا نام سینیٹ امیدوار کے طور پر سامنے آنے پر پارٹی میں اختلافات نے سر اٹھایا جو بحران کی صورت میں تبدیل ہو گیا تھا اور جس کا اب تک کوئی حل نکالا نہیں جا سکا۔

مزید تفصیل پڑھیں: سراج الحق نے رضا ربانی کو متفقہ طور پر چیئرمین سینیٹ بنانے کی تجویز دیدی

رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کی رکنیت معطل کی تو فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کو معطل کر دیا اور اس طرح ایم کیو ایم پاکستان دو دھڑوں یعنی پی آئی بی گروپ اور بہادرآباد گروپ میں تبدیل ہو گئی۔

قیادت کی اس جنگ میں فاروق ستار کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا اعلان کیا گیا جسے رابطہ کمیٹی دھڑے نے ماننے سے انکار کر دیا۔ بعدازاں پی آئی بی گروپ نے انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد فاروق ستار کو کنوینر منتخب کر لیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: حکومت کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 27 اپریل کو پیش کرنے کا اعلان


3 مارچ کو سینیٹ الیکشن سے محض ایک روز قبل ایم کیو ایم پاکستان کے دھڑوں میں الیکشن کے حوالے سے معاملات طے پا گئے لیکن ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ سے صرف فروغ نسیم ہی سینیٹ نشست جیت پائے۔ تاہم دونوں دھڑوں کے اختلافات اب بھی برقرار ہیں اور کوئی نتیجہ سامنے نہیں آ سکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں