نئی دہلی : پاکستانی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہےاور اس نے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ بھی حاصل کر لی ہے یہ کہنا ہے بھارتی اخبار کا۔ پاکستان طویل المیعاد ترقی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔یہ بات بھارتی اخبار اکنامک ٹائمز میں شائع کیے گئے ایک مضمون میں کہی گئی ہے۔اخبار لکھتا ہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کا بنچ مارک انڈیکس 50 فیصد سے زائد منافع کے ساتھ گزشتہ سال ایشیا میں بہترین رہا اور جنوری میں اس نے ریکارڈ قائم کیا۔عالمی بینک نے کہا ہے کہ معیشت کی شرح نمو اس سال پانچ اعشاریہ دو فیصد اور آئندہ سال پانچ اعشاریہ پانچ ہوگی۔
اخبار نے کہا ہے کہ گاڑیوں کی فروخت اور جائیداد کی قیمتوں میں اضافے ، سیمنٹ کی قیمتوں اور افراط زر میں کمی اور کم شرح سود کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔بھارتی روزنامے نے کہا ہے کہ سیکورٹی کا نسبتا بہتر ماحول، چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق بھاری سرمایہ کاری، مقامی سرمایہ کاری اور ترسیلات زر میں اضافے سے اقتصادی ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے.