چین کی سٹیٹ کونسل کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے اور انسانی حقوق کے لحاظ سے یہ دنیا کا بدترین ملک ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کا راگ الاپنے والا ملک امریکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا گڑھ بن چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی عوام کو خاک خون میں نہلانے والی گولیوں کی آوازیں مجسمہ آزادی کے پچھلی جانب سے سنائی دے رہی ہیں، نسلی تعصبات شدت اختیار کرگئے ہیں۔
قیدیوں کے لحاظ سے امریکہ دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جہاں ہر ایک لاکھ افراد میں سے چھے سو ترانوے افراد جیل میں بند ہیں۔ سن دو ہزار چودہ کے دوران بائیس لاکھ افراد جیلوں میں بند تھے اور سات کروڑ افراد یعنی بڑی عمر کے ہر تین میں سے ایک امریکی اب تک جیل کی ہوا کھا چکا ہے۔
چین کی جاری کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، امریکہ میں، ڈھائی کروڑ افراد انتہائی ابتر معاشی صورتحال سے دوچار ہیں اور ہر سات میں سے ایک شخص یعنی کوئی ساڑھے چار کروڑ افراد، غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔