لاہور:ایپل ہر سال کی طرح اس سال بھی اپنا نیا آئی فون متعارف کروانے جا رہی ہے لیکن اس نئے ماڈل کا نام تبدیل کر دیا گیا ۔آئی فون کے گزشتہ ماڈلز کے نام تقریباً ایک ہی ترتیب میں تھے جیسا کہ آئی فون 3G, 4, 4S, 5 اور آئی فون 6، اور صارفین کا خیال ہے کہ نئے ماڈل کا نام آئی فون 8 ہو گا لیکن ایسا نہیں ہے اور ٹیکنالوجی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس مرتبہ آئی فون کے ڈیزائن اور فیچرز میں بڑی تبدیلیوں کیساتھ ساتھ نام بھی تبدیل کیا جائے گا۔
اس سے پہلے اطلاعات تھی کہ کمپنی نے نئے ماڈل کے ڈیزائن کو بالکل تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور صارفین کو بالکل مختلف اور پہلے سے بڑی سکرین والا فون دیکھنے کو مل سکتا ہے تاہم اب یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ اس کا نام بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔اور اس کا نام آئی فون 8 نہیں بلکہ " آئی فون ایڈیشن " ہو گا۔اس کے علاوہ ایپل واچ کے نئے ماڈل کا نام بھی ”واچ ایڈیشن“ رکھا جائے گا۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق نیا ماڈل اب تک کا سب سے مہنگا فون بھی ہو گا اور ایک اندازے کے مطابق اس کی کم از کم قیمت بھی 1,000 ڈالر ہو گی جبکہ آئی فون 7 جب فروخت کیلئے پیش کیا گیا تھا تو اس کی قیمت 649 ڈالر تھی۔
کمپنی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ایپل رواں سال ایک یا دو نہیں بلکہ 3 ماڈل متعارف کرائے گی۔ ایک ماڈل آئی فون ایڈیشن ہوگا جبکہ اس کے ساتھ ہی آئی فون 7S اور آئی فون 7S Plus بھی فروخت کیلئے پیش کئے جائیں گے جن کی قیمت آئی فون ایڈیشن کی نسبت کم، ڈیزائن اور فیچرز وغیرہ بھی آئی فون 7 کے ساتھ ملتے جلتے ہوں گے۔
آئی فون کی قیمت اور اس کے نام کی تبدیلی کے بارے میں کمپنی نے تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کیں لیکن مختلف ویب سائٹس یہی دعوے کر رہی ہیں تاہم غیر مصدقہ ذرائع سے بھی ان کی تصدیق نہیں ہو سکی اور یوں ان معلومات کو تاحال افواہ ہی قرار دیا جا سکتا ہے اور اصل حقائق آئی فون کے منظرعام پر آنے سے ہی معلوم ہو سکیں گے۔