'ملک میں جمہوری نظام ہے، ماضی میں آمریت نے جمہوریت کا گلا گھونٹا'

10:53 AM, 10 Mar, 2017

اسلام آباد: جمہوریت کیلئے قربانی دینے والے شہد ا کی یادگار کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا یادگار جمہویت کیلئے قربانیاں دینے والوں کی یاد میں بنائی گئی۔ ہمیں اپنے رویوں سے جمہوریت کو مستحکم کرنا ہے اور کل کے واقعے سے پارلیمنٹیرینز کے سر جھکے ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا دیکھنا یہ ہے کہ ہم یہاں ہاتھا پائی کرنے آئے ہیں یا عوامی مسائل حل کرنے۔ اس واقعے سے ان لوگوں کے ہاتھ مضبوط ہوئے جو جمہوریت نہیں چاہتے۔ آج ہمیں جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کا عہد کرنا ہے۔

ایاز صادق نے کہا ہمیں پارلیمنٹ سمیت ہر جگہ سننے اور برداشت کرنے کی پالیسی اپنانا ہو گی۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا اگر اسپیکر کا ساتھ نہ ہوتا تو آج یہ افتتاح ممکن نہ ہوتا اور جتنی کاوش میری ہے اتنی ہی اسپیکر قومی اسمبلی کی ہے۔ وہ ملک اور قومیں ترقی نہیں کرتیں جو اپنے آپکو جدوجہد، تاریخ سے جدا کرتی ہیں۔

رضا ربانی نے کہا پارلیمان آئین کے تحت کام کر رہے ہیں اور یہ ایوان ان شہدا اور لوگوں کے مرہون منت ہیں جنھوں نے آمریت کا مقابلہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا لوگ حقیقی معنوں میں وفاقی جمہوری راج کے لیے پیچھے نہیں ہٹے۔ ماضی میں آمریت نے جمہوریت کا گلہ گھونٹا۔ جب تک ہم اور عوام میں جذبہ رہے گا ملک میں آئین، جمہوری نظام رہے گا۔ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کیلئے ہر شعبے نے اپنا کردار ادا کیا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں