دبئی کا سفر کرنے والوں کے لیئے یہ سوٹ کیس اب ممنوع ہیں !

08:56 AM, 10 Mar, 2017

دبئی ایئرپورٹس کمپنی نے بدھ 8 مارچ سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ایکسپو 2020 کے علاقے میں آل مکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر "سفری سامان" سے متعلق نئے قوانین اور اصول و ضوابط لاگو کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں آئندہ "غیر ہموار سوٹ کیس" کو قبول نہیں کیا جائے گا اور "دائرے کی شکل کے سوٹ کیس یا تھیلوں اور کثیر الاضلاع شکل کے سوٹ کیس اور سامان" ممنوع ہوں گے۔

دبئی ایئرپورٹ پر ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آپریشنز علی انکیزہ نے ایک وڈیو میں اُن سوٹ کیس اور بیگز کی خصوصیات تفصیل سے بیان کی ہیں جن کو دبئی کے ہوائی اڈوں پر سے گزرنے کی اجازت ہو گی۔ ان میں اہم ترین شرط یہ ہے کہ سوٹ کیس یا بیگ کی اونچائی 75 سینٹی میٹر ، چوڑائی 60 سینٹی میٹر اور لمبائی 90 سینٹی میٹر ہونا چاہیے۔


ممنوعہ سوٹ کیس کی تفصیلات
دبئی کے ہوائی اڈوں پر گنجائش سے زیادہ بھرے ہوئے سوٹ کیس ، دائرے کی شکل کے سوٹ کیس ، غیر ہموار نظر آنے والے سوٹ کیس اور دیگر نامناسب شکل کے سوٹ کیس کو ممنوع قرار دیا گیا ہے جو سامان کی نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔

جہاں تک وزن کا تعلق ہے تو نئے قوانین کے مطابق ایک سوٹ کیس یا بیگ کا وزن 2 کلو گرام سے کم اور 32 کلو گرام سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے جب کہ مسافر کے ساتھ رہنے والے دستی بیگ کا وزن 7 کلو گرام سے زیادہ نہ ہو۔

یاد رہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے سامان کی منتقلی کا جدید ترین نظام ہے جس کی مجموعی لمبائِ 138 کلو میٹر کے قریب ہے۔ اس کے ذریعے 2015 میں 5.5 کروڑ اور 2016 میں 7 کروڑ سوٹ کیس منتقل ہوئے۔ رواں سال 2017 میں 7.5 کروڑ سوٹ کیس کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔


دبئی ایئرپورٹس کمپنی نے باور کرایا ہے کہ وہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے سوٹ کیس کے سامان کو کارٹن میں منتقل کرنے کی خدمات فراہم کرے گی جس کا علامتی طور پر معاوضہ فی سوٹ کیس 15 درہم ہوگا۔

مزیدخبریں