لاہور:پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی میں متعدد بل منظور کرلیے گئے۔ اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب اسمبلی میں سکیورٹی طلب کر لی گئی جس نے اسپیکر ڈائس کے گرد گھیرا ڈال لیا۔سکیورٹی نے ایوان میں کسی کو بھی سپیکر ڈائس کی طرف جانے سے روک دیا۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں مختلف بل بھی پیش کیے گئے جنہیں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے دوران منظور کر لیا گیا۔
صوبائی اسمبلی میں مسودہ قانون اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے کا بل 2024 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔مسودہ قانون اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا کنٹرول پنجاب 2024 کا بل وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے پیش کیا تھا۔پولیس آرڈر 2024 کا ترمیمی بل کثرت رائے سے پنجاب اسمبلی سے منظور کر لیا گیا جبکہ اسی طرح مسودہ قانون ترمیم ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی پنجاب 2024 بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
پنجاب اسمبلی میں مسودہ قانون ترمیم ہیلتھ کئیر کمیشن پنجاب 2024 بل بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا جسے مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے پیش کیا تھا۔