فرانس: پارلیمنٹ تحلیل، فوری قبل از وقت انتخابات کا اعلان

10:13 AM, 10 Jun, 2024

نیوویب ڈیسک

پیرس: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے اور جلد قانون ساز انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نےیورپی یونین کے انتخابات میں  دائیں بازو کی لیڈر کے ہاتھوں حکومتی اتحاد کو تباہ کن نتائج کا سامنا کرنے کے بعد  ملک میں فوری قبل از وقت انتخابات کا اعلان کردیا ۔

میکرون نے قوم سے خطاب میں اعلان کیا کہ ایوان زیریں قومی اسمبلی کے انتخابات کا پہلا مرحلہ 30 جون کو ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ 7 جولائی کو ہوگا۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ یورپی پارلیمنٹ الیکشن کے نتائج نظر انداز نہیں کیے جا سکتے، میکرون نے بتایا  کہ سب سے زیادہ اسکور کرنے والی نیشنل ریلی (RN) سمیت، فرانس میں انتہائی دائیں بازو کی جماعتیں فرانس میں یورپی یونین کے انتخابات میں تقریباً 40 فیصد ووٹ لینے میں کامیاب ہوئیں۔

 انہوں نے کہا  کہ ”دائیں بازو کی جماعتیں براعظم میں ہر جگہ ترقی کر رہی ہیں۔ یہ ایک ایسی صورتحال ہے جس میں میں خود استعفیٰ نہیں دے سکتا، میں نے آپ کو انتخاب دینے کا فیصلہ کیا,  اس لیے میں آج رات قومی اسمبلی کو تحلیل کر دوں گا۔“

 ”یہ فیصلہ سنجیدہ اور بھاری ہے لیکن یہ اعتماد کا عمل ہے، اپنے  پیارے ہم وطنو پر اعتماد کا  اور فرانسیسی عوام کے لیے کہ وہ اپنے اور آنے والی نسلوں کے لیے بہترین انتخاب کریں“۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یورپی الیکشنز میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی پارٹی کو بڑی کامیابی ملی ہے۔یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات میں نیشنل ریلی پارٹی نے 32 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ صدر میکروں کی جماعت کو 15 فیصد اور سوشلسٹس کو 14 فیصد ووٹ ملے ہیں۔انتخابی مہم میں دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی پارٹی نے امیگریشن، جرائم اور معاشی بحران کو مرکزی اشو بنایا تھا۔

مزیدخبریں