گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں تیل کے گودام میں موجود آئل ٹینکرز میں آگ لگنے سے 5 افراد آتشزدگی کےزیراثر آنے سے جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ سیالکوٹ بائی پاس کے قریب علاقےمعافی والا میں واقع تیل کے گودام میں کھڑے آئل ٹینکرز میں اچانک آگ لگنے سے پیش آیا۔آئل ٹینکر میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے تیل کے دو کنٹینرز اور قریب میں قائم پلاسٹک فیکٹری کو بھی اپنے زیر اثر لے لیا۔
ذرائع کے مطابق آگ کے باعث گودام میں کام کرنے والے 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل تو کیا لیکن ہسپتال میں برن سینٹر نہ ہونے کے باعث تمام زخمیوں کو بعد ازاں لاہور جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب ریسکیو اہلکاروں کا آگ پر قابو پانے کے لیے 3 گھنٹے فائر فائٹنگ آپریشن جاری رہا ، جس میں ریسکیو کی 10 گاڑیوں نے حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں شدید مالی نقصان بھی ہوا جس میں لاکھوں روپے مالیت کا پٹرول اور قریبی فیکٹری میں موجود پلاسٹک جھلس کر خاکستر ہوگیاجبکہ پولیس حکام کی جانب سے کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔