انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں منظور

12:53 PM, 10 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 14 رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں 17 جون تک منظور کر لی ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق 25 مئی کو لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس پر تشدد کرنے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے 14 رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں 17 جون تک منظور کر لی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ ، حماد اظہر ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، شفقت محمود ، اعجاز چوہدری ، میاں محمود الرشید ، میاں اسلم اقبال ، زبیر نیازی ، ندیم عباس بارا سمیت 14 رہنماؤں نے عبوری ضمانتیں دائر کیں ۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عبہر گل خان نے ضمانتوں پر سماعت کی  جبکہ ملزمان کی جانب سے وکیل برہان معظم ملک نے عدالت میں دلائل دیئے ۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔ 
تھانہ شاہدرہ پولیس نے لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کیلئے عدالت میں درخواست دی تھی جس پر ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔ 
انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں شفقت محمود، حماد اظہر، ڈاکٹر یاسمین راشد، ندیم بارا، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، یاسر گیلانی،ندیم بارا، عدیل نواز، اعجاز چوہدری اور اکرام عثمان کے وارنٹ جاری کئے۔ 
ذرائع کے مطابق عدالت نے حسان نیازی، زبیر نیازی, جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، امتیاز شیخ، عندلیب عباس، مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں اسلم اقبال کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔ 

مزیدخبریں