اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے انکشاف کیا ہے کہ جب انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) نے بجلی مہنگی کرنے کا کہا تو وزیراعظم پاکستان عمران خان نے منع کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے بجلی مہنگی کرنے کا کہا تھا مگر وزیراعظم نے منع کر دیا اور آئی ایم ایف کو بتا دیا کہ غریب اور تنخواہ دار پر بوجھ نہیں ڈال سکتے، اس لئے بجلی مہنگی کریں گے اور نہ ہی ٹیکس بڑھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پائیدار شرح نمو کے ہدف کیلئے متبادل ذرائع پر عالمی ادارے سے مذاکرات جاری ہیں، امریکہ سے بھی کہا ہے کہ پیسے نہیں، تجارت چاہتے ہیں جبکہ چین 85 ملین نوکریاں آؤٹ سورس کررہا ہے اور ہم اکنامک زونز بنانے کیلئے چین کو مراعات دینے کو تیار ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے اکنامک سروے پیش کرتے ہوئے کہا کہ معیشت نے ریکوری کرنا شروع کردی ہے، پچھلے سال حکومت نے خود کہا کہ ہماری گروتھ 2.1 ہو گی، لارجرا کیل مینوفیکچرنگ نے9 فیصد گروتھ دکھائی، اس وقت ترسیلات زر26 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ ہمارا سرپلس چل رہا ہے۔