ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کے ساتھ اب ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل ہو گا

09:06 PM, 10 Jun, 2021

لاہور: ٹریفک پولیس لاہور نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر چالان کرنے کیساتھ ساتھ ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے اور اس مقصد کیلئے وارڈنز کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر لاہور منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ ’اب ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر چالان کیساتھ ساتھ لائسنس بھی معطل کیا جارہا ہے۔ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر کوئی بھی رعایت کا مستحق نہیں ہو گا، ون وے جگہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ لاہور میں ون وے ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف کارروائی شروع ہوئی تو پہلے ہی روز ایک ہزار 435 گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کے چالان کئے گئے۔ ٹریفک پولیس لاہور کے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹریفک جام کا باعث بننے والی 48 گاڑیاں تھانوں میں بند اور چار ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کئے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ حادثات اور ٹریفک جام کی بڑی وجہ ون وے کی خلاف ورزی ہے اور ایسا کرنا خودکشی کے مترادف بھی ہے، چند لمحوں کی جلدی کی خاطر شہری اپنی اور دوسروں کی جان داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ 

مزیدخبریں