لاہور، عدالت نے اداکارہ صوفیہ مرزا کے سابق شوہر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا ۔
لاہور ہائیکورٹ نے اداکارہ صوفیہ مرزا کے سابق شوہر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے ریڈ وارنٹ واپس کرنے کی کارروائی کی بھی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے اداکارہ کے سابق شوہر عمر فاروق ظہور کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار نے اپنا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے میں درخواست گزار کا نام سفارت کار ہونے پر استثنیٰ کی وجہ سے ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا۔
عدالت نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو عدالتی حکم پر عمل کرکے تین دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مقدمہ کا تمام ریکارڈ طلب کرلیا۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے بتایا کہ عمر فاروق کے خلاف تمام فوجداری کارروائی ان کے لائیبیریا کے سفیر بننے سے پہلے مکمل کی گئی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ عمر فاروق کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے اور ریڈ وارنٹ واپس کرنے کی کارروائی کی جائے، عدالت نے تمام فریقین سے تفصیلی جواب بھی طلب کرلیا۔