لاہور: حکومت نے کورونا ویکسین نہ لگوانے افراد کی موبائل فون سمیں بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ حکومت پنجاب نے کیا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت 12 جون سے صوبہ پنجاب میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن کی جائے گی۔ اس ضمن میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب کے تمام اہم مزارات کے باہر موبائل ویکسی نیشن کیمپ قائم کیے جائیں گے۔
حکومتی فیصلے کے تحت 20 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن کرانےوالے تمام اضلاع میں کاروبارکھول دیےجائیں گے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے حوالے سے بتایا ہے کہ کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ مہلک بیماری میں مبتلا افراد کو ترجیحی بنیادوں پر کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ویکسی نیشن سینٹرز پر عوام کے لیے تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ چیف سیکریٹری پنجاب کے مطابق صوبے میں ویکسینیشن کے عمل کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنایا جائے گا۔