گرمی کی شدت اور لوڈشیڈنگ، سیالکوٹ میں گورنمنٹ ہائی سکول کا طالب علم بے ہوش

08:34 PM, 10 Jun, 2021

گرمی کی شدت اور لوڈشیڈنگ، سیالکوٹ میں گورنمنٹ ہائی سکول کا طالب علم بے ہوش

سیالکوٹ: گرمی کی شدت اور بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے سیالکوٹ میں گورنمنٹ ہائی سکول کے طلب علم کی حالت غیر ہو گئی جسے بے ہوشی کے عالم میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ 
ریسکیو ذرائع کے مطابق سیالکوٹ گورنمنٹ ہائی سکول میں گرمی کی شدت کے باعث ساتویں جماعت کے طالبعلم کی حالت غیر ہو گئی اور وہ بے ہوش ہو گیا جس پر اساتذہ مذکورہ طالب علم کے سر پر پانی ڈالتے رہے اور پھر طبی امداد کیلئے اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
گورنمنٹ ہائی سکول کے ہیڈ ماسٹر طارق ڈھلو کا کہنا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پنکھے بند رہے جس کی وجہ سے طالب علم کی حالت غیر ہو گئی، گرمی کی شدت کے ساتھ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے طالب علم گرمی برداشت نہیں کر پا رہے اور شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ 
واضح رہے کہ گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر پنجاب میں نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل کر دئیے گئے ہیں اور اب پنجاب بھر میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے صبح 7 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک کھلیں گے۔ 
صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے پنجاب بھر میں سکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کے حوالے سے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے سکولوں کیلئے جاری کردہ نئے اوقات کار پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے جبکہ یہ فیصلہ گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ 
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں پنجاب بھر کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کے فیصلے پر عملدرآمد کیساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے خلاف وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ 

مزیدخبریں