ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر فہیم اشرف زخمی ہو گئے ہیں جس کے باعث بقیہ میچز میں ان کی شرکت بھی مشکوک ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے بقیہ میچز کا آغاز گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہوا جس دوران باؤلنگ کرتے ہوئے فہیم اشرف کے بائیں ہاتھ پر چوٹ آئی اور انہیں فوری طور پر میدان سے باہر جانا پڑا۔
ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھتے پر پانچ ٹانکے لگے اور ڈاکٹرز نے انہیں چند روز آرام کا مشورہ دیا ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کی آئندہ میچز میں شرکت مشکوک ہے۔
واضح رہے کہ چوٹ لگنے سے قبل فہیم اشرف نے اننگز میں 2 اوورز کروائے تھے اور پھر وہ زخمی ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تاہم آئندہ میچز کیلئے ان کی جگہ کسے ٹیم میں شامل کیا جائے گا، اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔