بھارتی گلوکار عمران خان گرفتار

06:36 PM, 10 Jun, 2021

ستنمپورہ: بھارتی پنجابی گلوکار عمران خان عرف خان صاحب کو گرفتار کر لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پنجابی گلوکار عمران خان جو کہ خان صاحب کے نام سے بھی مشہور ہیں کو ان کے تین دوستوں سمیت کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کے لیے گرفتار کرلیا گیا۔ بھارت میں کورونا وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہے اور تقریبات پر پابندی عائد ہے۔

پولیس کے مطابق گلوکار عمران خان پنجاب کے ضلع کپور تھلہ  کے علاقے  ستنمپورہ میں گزشتہ روز رات کے وقت اپنے دوستوں ہرپریت سنگھ، دلباغ محمد اور اعجاز کے ہمراہ بینڈ باجے کے ساتھ سالگرہ منارہے تھے۔ جب کہ رات کے وقت کورونا کی وجہ سے کرفیو لگاہوا تھا۔ پولیس نے ان تمام لوگوں کوکورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا ہے۔

ستنمپورہ کے ایس ایچ او نے گلوکار اور اس کے دوستوں کو گرفتار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں آئی پی سی کے سیکشن 188 اور 51 کے تحت  گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مئی میں بھارتی پنجاب کے معروف گلوکار اور اداکار گپی گریوال کو بھی ان کے عملے سمیت  کووڈ 19 ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ پابندی کے باوجود پنجاب کے ضلع پٹیالہ میں فلم کی شوٹنگ کررہے تھے۔ اس کے علاوہ اپریل میں بالی ووڈ اداکار جمی شیرگل کو بھی پابندی کے باوجود پنجاب کے شہر لدھیانہ میں فلم کی شوٹنگ کرنے کےلیے گرفتار کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں