لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف کو آج کوٹ لکھپت جیل سے رہائی ملنے کا امکان ہے اور ان کے استقبال کیلئے (ن) لیگی کارکن کوٹ لکھپت جیل کے باہر جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماءجاوید لطیف کی گزشتہ روز عدالت نے ضمانت پر رہائی کی منظوری دی تھی۔ لاہور کی سیشن کورٹ نے جاوید لطیف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہائی کیلئے 2، 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا کہا تھا۔
واضح رہے کہ جاوید لطیف کے خلاف ریاست مخالف بیان دینے کا مقدمہ ہے جس پر انہیں 27 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا، ان کے مقدمے کی سماعت کل ایڈیشنل سیشن جج حفیظ الرحمان نے کی اور ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کیلئے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
عدالت پیشی سے قبل انہوں نے ماڈل ٹاﺅن کچہری میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے اپنی نہیں بلکہ ملک کی فکر ہے، نظام تباہ ہو چکا ہے، آئے روز ٹرین حادثات ہورہے ہیں اور حکومت کسی بھی چیز کی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار ہی نہیں ہے۔