کورونا کی تباہ کاریاں جاری، مثبت کیسز کی شرح پھر 3 سے اوپر چلی گئی

09:11 AM, 10 Jun, 2021

اسلام آباد : پاکستان میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ 24 گھنٹے کے دوران مزید 76 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ مثبت کیسز کی شرح ایک مرتبہ پھر 3 سے اوپر چلی گئی ہے۔

  

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں اس موذی مرض کی وجہ سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 529 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز 41ہزار824کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے ایک ہزار303نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 3.1 فیصد رہی جبکہ ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 37 ہزار 434 ہو گئی ہے۔

دوسری طرف کورونا ویکسی نیشن سینٹرز 11 جون سے رات 8 بجے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ تاہم اس کے بعد اتوار کو بند رہیں گے۔

این سی او سی کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے 11 جون سے واک ان ویکسی نیشن کی سہولت ہو گی۔ ملک بھر میں تمام شہریوں کیلئے رضا کارانہ طور پر ویکسین مہم چلائی جائے گی۔

این سی او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویکسی نیشن کرانے کیلئے مختلف شعبوں کو مراعات متعارف کرائی جائیں گی۔ دفاتر میں 50 فیصد حاضری کو بڑھا کر واپس 100 فیصد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان ڈور جم کو کھولنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاہم جم کے تمام ممبرز کے لیے ویکسیشن لازمی ہوگی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کاروباری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے کاروبار 2 دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم دن کا فیصلہ تمام صوبائی اکائیاں خود کریںگی۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری اور نجی ملازمین کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی جائے گی۔ نجی شعبوں سے منسلک ملازمین کو 30 جون تک ویکسی نیشن کرانا ہوگی۔

پنجاب حکومت نے لازمی ویکسی نیشن کے سلسلہ میں پابندیوں سے متعلق تجاویز تیار کر لی ہیں۔ حفاظتی ٹیکے نہ لگانے والوں کا شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، پارکس، سرکاری دفاتر میں داخلہ بند کرنے اور موبائل سم کارڈ بلاک کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

مزیدخبریں