فردوس عاشق اعوان نے ٹی وی شو میں قادر مندو خیل کوتھپڑ ماردیا

08:42 AM, 10 Jun, 2021

لاہور: نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں سیاسی مباحثے کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل اور معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ قادر مندوخیل نے بدزبانی اور بدکلامی بڑھی تو فردوس عاشق اعوان نے انھیں  تھپڑ جڑ دیا۔

 
نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں پیش آئے واقعے کی روداد بیان کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ٹاک شو کے دوران پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل کی جانب سے مجھے دھمکیاں دی گئیں۔

 
ان کا کہنا تھا کہ قادر مندوخیل نے بد زبانی اور بدکلامی کرتے ہوئے میرے مرحوم والد اور مجھے گالیاں دیں۔ اپنے دفاع میں مجھے انتہائی قدم اٹھانا پڑا۔ قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد قادر مندوخیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔

 
معاون خصوصی پنجاب نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ''جاوید چودھری صاحب کے ٹی وی شو میں پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل کے ساتھ ہونے والی بحث میں تصویر کا ایک رخ دکھایا جا رہا ہے۔''

فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ردعمل میں لکھا کہ ''قادر مندوخیل کی غلیظ زبان اور گالیوں کو اس ویڈیو کا حصہ نہ بنا کر یکطرفہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ سیاسی مکالمے سے ہٹ کر مندوخیل کی جانب سے میرے والد اور مجھے غلیظ گالیاں بکی گئیں۔''

ان کا کہنا تھا کہ ایسے بدتہذیب افراد کا سیاست اور اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ لوگ سیاست اور معاشرے کے چہرے پر بدنما دھبے ہیں۔ قادر مندوخیل کے اس رویے اور عمل کے خلاف جلد قانونی چارہ جوئی کی جائیگی، نجی ٹیلی وژن سے درخواست ہے کہ معاملے کی مکمل ویڈیو سامنے لائیں۔

مزیدخبریں