علی ترین نے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا

10:34 AM, 10 Jun, 2018

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے جولائی میں ہونے والے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

علی ترین نے سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ انہوں نے لودھراں سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 161 سے کاغذات نامزدگی وصول کیے تھے۔

مزید پڑھیں: تمام وفاقی وزرا پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش ہوئے اور انٹرویو دیا: پرویز رشید

علی ترین کا کہنا تھا کہ ٹکٹ اس امیدوار کو ملنا چاہیے جو بہترین امیدوار ہے اور بہترین امیدوار وہ ہے جو صبح، دوپہر، شام اور رات اپنی پارٹی کے لیے محنت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو امیدوار ووٹرز کے پاس جاتا ہے اور انہیں متحرک کرتا ہے۔

علی ترین نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں ہم نے مل کر محنت کی تھ۔، الیکشن تو ہم نہیں جیت پائے لیکن حکومت کے خلاف 90 ہزار ووٹ حاصل کیے جو بہت بڑی جیت تھی۔

جہانگیر ترین کے بیٹے کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت آکسفورڈ یونیورسٹی سے ماسٹرز کر رہے ہیں جو ستمبر میں مکمل ہونا ہے اور الیکشن جولائی میں آ رہے ہیں یعنی جون اور جولائی انتخابی مہم کے مہینے ہیں اس لیے میری مجبوری ہے کہ میں اس مہم میں وقت نہیں دے سکتا۔

علی ترین کا کہنا تھا میں اپنا 100 فیصد وقت انتخابی مہم میں نہیں دے سکتا اس لیے سمجھتا ہوں کہ میں پارٹی ٹکٹ کا حقدار نہیں ہوں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پی ٹی آئی جس امیدوار کو بھی منتخب کرے آپ اس کی حمایت کریں اور اسے جتوائیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے رہنما نے علی محمد خان کو پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر بڑی پیشکش کر دی

واضح رہے کہ جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد فروری میں این اے 154 لودھراں میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں علی ترین کو مسلم لیگ ن کے امیدوار پیر اقبال شاہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں