قندہار: افغانستان کے صوبے ہلمند میں رات گئے امریکا کی جانب سے کی جانے والی فضائی کارروائی کے نتیجے میں دو افغان پولیس اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔اپریل کے مہینے میں امریکی فوجیوں کی صوبہ ہلمند میں واپسی کے بعد امریکی کارروائی میں افغان سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔افغانستان کی سرحدی پولیس کے اہلکار ہلمند کے ضلع ناد علی میں معمول کی گشت پر تھے جب وہ امریکی فضائی کارروائی کی زد میں آگئے۔اس سلسلے میں امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ امریکی کارروائی میں افغان نیشنل ڈیفنس اور سیکیورٹی فورسز سے تعلق رکھنے والے اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے ہیں اور اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
صوبائی ترجمان عمر زواک نے کہا کہ ہمیں ہلاک و زخمی ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی ہے، پولیس اہلکار طالبان کے ایک اڈے سے انتہائی قریب گشت کررہے تھے جس کی وجہ سے وہ حملے کی زد میں آگئے۔انہوں نے بتایا کہ امریکی فضائی کارروائی میں دو افغان پولیس اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوئے جبکہ طالبان کے متعدد شدت پسند بھی اس حملے میں مارے گئے۔خیال رہے کہ ہلمند کبھی افغانستان میں امریکا اور برطانوی افواج کا مرکز ہوا کرتا تھا تاہم اب یہاں کے 14 میں سے 10 اضلاع پر طالبان کا مکمل یا جزوی کنٹرول ہے۔اس صوبے میں افیون کی کاشت بڑے پیمانے پر کی جاتی ہے جس سے طالبان کو فنڈنگ بھی حاصل ہوتی ہے۔2014 میں نیٹو کا جنگی مشن ختم ہونے کے بعد رواں برس اپریل میں امریکی فوج ہلمند واپس آئی ہے جس کا مقصد افغان سیکیورٹی فورسز کو طالبان سے لڑنے میں معاونت فراہم کرنا ہے.