انیل کمبلے کو ہیڈ کوچ برقرار رکھنے کا امکان

06:34 PM, 10 Jun, 2017

نیو دہلی: میڈیا رپورٹ کے مطابق کرکٹ بورڈ کے صدر سی کے کھنہ نے بتایا کہ اگر کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے کمبلے کو بھارتی ٹیم کا کوچ برقرار نہ رکھنے کا فیصلہ کیا تو پھر نئے کوچ کا تقرر کرنے کیلئے ہمارے پاس وقت نہیں ہو گا۔ لہذا میں تو یہی تجویز کروں گا کہ کمبلے کو ہی کام جاری رکھنے کا کہا جائے۔ چیمپئنز ٹرافی 18 جون کو مکمل ہو گی جبکہ ویسٹ انڈیز سے بھارت کا پہلا میچ 23 جون کو شیڈول ہے۔ بورڈ کے آفیشل راجیو شکلا نے سینئر ممبران سے بات کر کے ان کا نقطہ نظر جان لیا ہے۔

یہ معاملہ 26 جون کو بھارتی بورڈ کے سالانہ جنرل اجلاس میں زیر غور آئیگا۔ ہمیں اس وقت تک نئے تقرر کا عمل روکے رکھنا ہے اور بورڈ کے اکثر ممبران میری بات سے اتفاق کرتے ہیں۔ دوسری جانب بی سی سی آئی آفیشل نے میڈیا کو بتایا کہ بی سی سی آئی صدر سی کے کھنہ کے مطابق چیمپئنز ٹرافی ابھی جاری ہے لہذا بھارتی ٹیم کے کوچ پر ابھی کوئی فیصلہ کرنا مناسب نہیں ہو گا۔ کمبلے کو ایک اور سیریز کیلئے معاہدے میں توسیع دے دینی چاہیے۔

ذرائع کے مطابق اگر سی اے سی نے نیا کوچ منتخب کر بھی لیا تو اس کی منظوری 26 جون کو بورڈ اجلاس میں ہی مل پائے گی۔ واضح رہے کہ کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی سارو گنگولی، سچن ٹنڈولکر اور وینکٹ لکشمن پر مشتمل ہے۔

سی کے کھنہ کمبلے کو ویسٹ انڈیز سے سیریز تک ذمے داری پر برقرار رکھے جانے کے حامی ہیں۔ کمبلے کے علاوہ بھارتی ٹیم کے کوچنگ امیدواروں میں سہواگ، ٹام موڈی، رچرڈ پائی بس ، لال چند راجپوت اور ڈوڈا گنیش شامل ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں