عید سے پہلے عیدی، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 22 جون تک ملنے کا امکان

04:19 PM, 10 Jun, 2017

اسلام آباد: وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عید سے پہلے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن ادا کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ وزارت خزانہ کو جون 2017ء کی تنخواہوں اور پنشن کی مد میں 51 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یوں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی عید سے پہلے عیدی ہو جائے گی۔

ذرائع کے مطابق جون کی تنخواہ 21 یا 22 تاریخ کو جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ سٹیل ملز کے ملازمین کے لئے بھی 38 کروڑ روپے کی رقم جاری ہونے کا امکان ہے۔

یاد رہے منگل کو وزارت داخلہ کی جانب سے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ۔ 26 ، 27 اور 28 جون کو عید الفطر کی چھٹیاں ہوں گی ۔ چھٹیوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جبکہ سرکاری ملازمین سابقہ عیدوں کی طرح اس مرتبہ بھی 3 سرکاری چھٹیوں کے باوجود 5 چھٹیوں سے مستفید ہونگے .اگر  پیر کو عید ہونے کی صورت میں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار چھٹی بھی شامل ہو جائے گی۔

مزیدخبریں