نئی دہلی: بھارتی ریاست اترکھنڈ میں زائرین کو لے جانے والا ایک ہیلی کاپٹر پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں عملے کا ایک شخص ہلاک جبکہ دو پائلٹ زخمی ہو گئے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ ریاست کے پہاڑی قصبے بدر بناتھ میں اس وقت پیش آیا جب آگسٹؑا 119 ہیلی کاپٹر ہیلی پیڈ سے پرواز کے دوران ہوا کے دباﺅ میں کمی کے باعث غیر متوازن ہو کر گر کر تباہ ہو گیا .
جس کے نتیجے میں سینئر انجینئر وکرم لامبا ہلاک اور دو پائلٹ زخمی ہو گئے تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار پانچ زائرین بالکل محفوظ رہے۔ زخمی پائلٹوں کو ہسپتال داخل کر دیا گیا ہے جبکہ سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
گزشتہ دنوں مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیوندرہ فینڈوس کے ہیلی کاپٹر کو کریش لینڈنگ کرنے کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن وہ حادثے میں محفوظ رہے تھے اور کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں