اسلام آباد:پاکستان اور ترکی نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری سفارتی کشیدگی کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔جرمن میڈیا کے مطابق وزیرِ اعظم نواز شریف اس سلسلے میں کویت اور قطرکا دورہ بھی کر سکتے ہیں، جہاں وہ دوحہ اور سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان میں سرکاری طور پر اس کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ تاہم ابھی یہ طے نہیں ہے کہ نواز شریف یہ دورہ کب کریں گے۔ ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ وزیرِ اعظم یہ دورہ جلد ہی کریں گے۔
اس کشیدگی کو کم کرانے میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے جب جرمن ریڈیو نے سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق سے رابطہ کیا، تو انہوں نے بتایاکہ ترکی نے اس کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
اس کے علاوہ کچھ اور ممالک نے بھی پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان اس حوالے سے مشاورت بھی چل رہی ہے اور کویت بھی کوششیں کر رہا ہے۔کچھ اور ممالک بھی ان کوششوں کی حمایت کر رہے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں