سعودی حکومت نے 1 لاکھ ویزا سٹمپنگ سٹیکر پاکستان بھجوا دیے

11:59 AM, 10 Jun, 2017

اسلام آباد: پاکستانی عمرہ زائرین کو ویزے کے حصول کے حوالے سے مشکلات پر سعودی حکام نے پاکستان میں ویزا سٹمپنگ سٹیکر بھیج دیے۔ تفصیلات کے مطابق عمرہ زائرین کو ویزے کے حصول میں مشکلات کو رفع کرنے کیلئے سعودی حکام نے کراچی اور اسلام آباد میں 1 لاکھ ویزا سٹمپنگ سٹیکر بھیج دیے ہیں جس کے بعد عمرہ زائرین کو درپیش مشکلات کم ہونے کا امکان ہے کیونکہ سٹیکر نہ ہونے سے زائرین عمرہ کی سعادت حاصل نہیں کر پا رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیکر نہ ہونے سے 55 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین عمرے کی سعادت پر روانہ نہیں ہو سکے تھے۔ خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سعودی حکام نے ہنگامی بنیادوں پر ویزا سٹیکر بھیج دیے ہیں اور کراچی اور اسلام آباد قونصلیٹ سے ویزوں کا اجرا شروع کر دیا گیا ہے۔

ویزا نہ ملنے سے بیشتر زائرین نے اپنی فلائٹس اور ہوٹل کی بکنگ بھی منسوخ کرا دی تھی۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک لاکھ ویزا سٹیکر پاکستان بھیج دیے ہیں اور 28 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کر دیا جائے گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں