بھارتی فوج کی غنڈہ گردی، 6 کشمیریوں کو شہید کر دیا

02:11 AM, 10 Jun, 2017

مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے حقوق مسلسل سلب ہو رہے ہیں ۔ اور بھارتی فوج معصوم شہریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ رہی ہے ۔ کل حریت رہنماؤں کی احتجاج کی کال پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا اور بکشمیریوں کو جمعہ کی ادائیگی میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے علاقے اڑی میں کارروائی کے دوران 6 کشمیری نوجوانوں کو ہلاک کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع بارہ مولا کے علاقے اڑی میں بھارتی فوج کی جانب سے جاری کارروائیوں کے دوران چھ نوجوانوں کو ہلاک کیا گیا ہے. خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے 6نوجوانوں کی ہلاکت کا واقعہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار کی ہلاکت کے دوسرے روز پیش آیا ہے۔رواں ہفتے کے آغاز میں بھارتی فوج نے 4 نوجوانوں کو ہلاک کیا تھا تاہم بھارتی فوج کا کہنا تھاکہ انھیں سرحد پار کرتے ہوئے مارا گیا تھا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے پورے کشمیر میں احتجاج اور شوپیاں کی جانب مارچ سے روکنے کے لیے کرفیو نافذ کرتے ہوئے دیگر رکاوٹیں کھڑی کیں۔

کشمیریوں کو سری نگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ سید علی گیلانی سمیت کشمیری رہنماؤں کو نظر بند رکھا گیا اور سری نگر میں یاسین ملک کو گرفتار کیا گیا۔

خیال رہے کہ دوروز قبل ایک طالب علم کی ہلاکت کے بعد کشمیر میں ایک مرتبہ پھر احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے بعد کشمیری قیادت کو نظر بند کیا گیا تھا۔قبل ازیں 27 مئی کو بھارتی فوج نے کشمیر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے حزب المجاہدین کے کمانڈرسبزاراحمد بٹ سمیت 11 کشمیری نوجوانوں کو مارا تھا۔مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ برس حریت پسند برہان مظفروانی کی ہلاکت کے بعد احتجاج کا شدید سلسلہ شروع ہوا تھا اور اس دوران بھارتی فورسز کی فائرنگ سے سو سے زائد طلبا اور مرد و خواتین مارے گئے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کئی علیحدگی پسند گروپ کئی دہائیوں سے 5 لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں سے لڑائی میں مصروف ہیں اور  وادی کو پاکستان کا حصہ بنائے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔حریت پسندوں اور بھارتی فوج کے درمیان اس لڑائی میں اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔اننت ناگ اورسوپور سمیت کئی علاقوں میں احتجاج ہوا.پولیس اور نوجوانوں میں مظاہرین میں جھڑپوں کے درمیان کئی نوجوان  بھی زخمی ہوگئے.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
  

مزیدخبریں