کراچی: سوئٹزرلینڈ میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کی جانب سے کیے گئے ایک اعلان کے مطابق پاکستان، اسپین اور چین کو FIH ہاکی اولمپک کوالیفائرز کے لیے میزبان کے طور پر چنا گیا ہے۔ 1990 ورلڈ کپ کے بعد پاکستان اب آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔
سیکرٹری پی ایچ ایف حیدر حسین کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH)کے ایونٹ کی میزبانی ملنا پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔پاکستان میں ہاکی کے سہنری دور کی واپسی میں یہ ایونٹ بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا ۔
حیدر حسین نے کہا کہ 90 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے گراونڈ ہاوس فل تھے ، خواہش ہے ایف آئی ایچ کوالیفائنگ راونڈ میں بھی اس ہی طرح گراونڈ شائقین سے بھر جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر کی ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی میں کوشش رنگ لیکر آئی ہے۔
سیکرٹری پی ایچ ایف حیدر حسین نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے اس ایونٹ کو شاندار انداز میں انعقاد کریں گے
ایف آئی ایچ اولمپک ہاکی کوالیفائنگ ایونٹ 13 سے 21 جنوری 2024 لاہور میں ہوگا۔
دوسری جانب خواتین کے کوالیفائرز کے لیے، چین میں چانگ زو اور اسپین میں والینسیا ایک ایک ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے۔ مینز کوالیفائرز کے لیے پاکستان میں لاہور اور سپین میں ویلنسیا ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے۔ واضح رہے کہ ہر ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شامل ہوں گی، جس میں فی جنس کل 16 ٹیمیں ہوں گی۔