قربانی کا اصل مفہوم اللہ رب العزت کی اطاعت و فرمانبرداری ہے: وزیراعظم

11:06 AM, 10 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قربانی کا اصل مفہوم اللہ رب العزت کی اطاعت و فرمانبرداری ہے ۔ اللہ نے حضرت ابراہیمؑ اور ان کے عظیم فرزند کی فرمانبرداری کو پسند فرمایا ۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر وزیراعظم نے امت مسلمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پریشان بہن اور بھائیوں کی خصوصی مدد کرنی چاہیے ۔ نوجوان نسل عید قربان کے اصل مفہوم سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہے ۔ نوجوان معاشرے میں تحمل ، برداشت ، ایثار وقربانی کی عملی مثال بنیں ۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے جاتی امرا لاہور میں عید قرباں کی نماز ادا کی ۔

اس پُرمسرت موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تمام مسلمانوں کو عیدالضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ۔

اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیر کا حامل ہے ۔ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے خواہشات کی قربانی ہے ۔ اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات ، حج اور قربانیاں قبول فرمائے ۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے ۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی مساجد اور عید گاہوں میں نمازِ عید کے بہترین انتظامات کیے گئے ۔ نماز کے بعد علماء کرام نے ملک کی ترقی و خوشحالی اور سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کیں ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب اور تمام خلیجی ممالک میں عید الاضحیٰ منائی گئی ، عید کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام و مسجد نبوی میں ہوا ۔

مزیدخبریں