نئی دہلی: بھارت میں مسلمان دشمنی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ درجنوں مسلمان خواتین کی تصاویر انٹرنیٹ پر نیلامی کے لیے پیش کردی گئیں۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتوں کے دوران ’گٹ ہب‘ نامی پلیٹ فارم پر 80 سے زائد مسلم خواتین کی تصاویر اور معلومات کو نیلامی کے لیے شیئر کیا گیا۔
ان تصاویر کے ساتھ لفظ ’سُلی ڈی آف دی ڈے‘ لکھا گیا ہے، جس کا مطلب ایک دن مسلم خاتون کے ساتھ ہے۔ ’سلی‘ جیسا ہتھک آمیز لفظ بھارت میں مسلمان خواتین کی تضحیک کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
متاثرہ مسلم خاتون ہانا نے بتایا کہ مجھے ایک ہفتے قبل دوست نے اس ایپلی کیشن کا لنک بھیجا جب میں نے اسے کھولا تو میری تصویر چوتھے نمبر پر موجود تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہانا خان پیشے کے اعتبار سے پائلٹ ہیں علاوہ ازیں ایک دو خواتین صحافیوں کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔ اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد مسلم کمیونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ متاثرہ صحافی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آخر کب تک بھارت میں بسنے والے 17 کروڑ مسلمانوں کو ہراساں کیا جاتا رہے گا۔
گٹ اب پر مختلف شعبوں سے وابستہ خواتین، طالبات، گھریلو خواتین سمیت دیگر مسلم خواتین کی تصاویر شیئر کی گئیں۔گٹ ہب نامی ایپلی کیشن نے وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ پالیسوں کی خلاف ورزی پر ان تمام اکاؤنٹس کو معطل کردیا گیا ہے جن سے خواتین کی تصاویر کو نیلامی کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
پولیس نے مختلف خواتین کی جانب سے درج ہونے والی شکایات کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ حکام نے مقدمے میں نامعلوم افراد کو نامزد کرنے کی وضاحت کچھ اس طرح پیش کی کہ انہیں اس مہم کے پیچھے موجود لوگوں کا کوئی علم نہیں ہے۔