بیجنگ: چین نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا میں تیزی آنے کیساتھ ہی وہاں موجود 210 چینی شہریوں کو اپنے ملک واپس بلا لیا ہے۔ دو جولائی کو ژیامن ایئرلائنز کا جہاز افغانستان میں پھنسے چینی شہریوں کو لے کر کابل سے چین کے شہر ووہان پہنچا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پہلے یہ خبر سوشل میڈیا پر جاری ہوئی جس کے مطابق افغانستان سے واپس لائے گئے چینی شہریوں میں سے 22 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ بعد ازاں چین کی وزارت خارجہ نے بھی بات کی تصدیق کی کہ جن شہریوں کو واپس لایا گیا ہے ان میں کورونا وائرس سے متاثر افراد بھی شامل ہیں۔
چین کے قونصلر افیئرز ڈپارٹمنٹ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ چینی حکومت نے اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انہیں یاددہانی کرائی ہے کہ وہ جس قدر جلد ہو سکے افغانستان سے نکلیں اور انہیں حکومت نے ضروری سفری سہولیات بھی فراہم کی ہیں۔
چین کے محکمہ صحت نے بیرون ملک سے 25 نئے کورونا کے مریضوں کے ووہان پہنچنے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ان میں سے 22 افراد کابل سے آنے والی پرواز میں سوار تھے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے اگست کے اواخر میں امریکی افواج کے مکمل انخلا کے اعلان کے بعد سے افغانستان میں کافی غیر یقینی کی فضا قائم ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں طالبان کی کارروائیاں جاری ہیں۔