صومالیہ میں پولیس چیف کے قافلے پر خودکش حملہ، 9 افراد ہلاک اور8 زخمی

05:42 PM, 10 Jul, 2021

مووغادیشو :صومالیہ کے دارالحکومت کے پولیس کمشنر کے قافلے سے خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تاہم خوش قسمتی سے پولیس چیف محفوظ رہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ میں موغادیشو میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری کار پولیس کمشنر کے قافلے سے ٹکرا دی۔ پولیس کمشنر فرحان محمد حملے میں بال بال بچ گئے۔

پولیس ترجمان صادق عدن علی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس کمشنر پر خودکش حملے میں الشباب ملوث ہے، حملے میں راہگیر سمیت 9 افراد ہلاک ہوئے جب کہ 8 زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

 دوسری جانب شدت پسند تنظیم الشباب نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے اہلکار پولیس کمشنر کے محافظ تھے۔ پولیس کمشنر کے بچ جانے پر دوبارہ کسی حملے میں نشانہ بنائیں گے۔

واضح رہے کہ 2011 میں صومالی افواج نے الشباب کے جنگجوؤں سے موغادیشو کا قبضہ ختم واگزار کروا کے حکومتی رٹ قائم کردی تھی تاہم اب بھی کئی شہر الشباب کے کنٹرول میں ہیں۔

مزیدخبریں