خیبر پختونخوا حکومت کا نواز شریف کڈنی ہسپتال سوات کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت کا نواز شریف کڈنی ہسپتال سوات کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ
کیپشن: خیبر پختونخوا حکومت کا نواز شریف کڈنی ہسپتال سوات کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے نواز شریف کڈنی ہسپتال سوات کا نام تبدیل کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس 12 جولائی کو بلانے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا اور کابینہ اجلاس کے لیے 35 نکاتی ایجنڈا تیار کرلیا گیا، نوازشریف کڈنی اسپتال سوات کےنام کی تبدیلی ایجنڈے کا حصہ ہے۔اعلامیے کے مطابق صوبائی کابینہ سے نیا نام کڈنی ہسپتال سوات رکھنے کی منظوری لی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا  کےمعاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے بتایا کہ کابینہ نواز شریف کڈنی ہسپتال کا نام بدلنے سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گی۔

کامران بنگش نے کہا کہ نواز شریف اور بھٹو خاندان کے نام پر ملک میں درجنوں ادارے ہیں، کیا ہم دو خاندانوں کا مال غنیمت ہیں۔ عوام کے پیسوں سے قائم اداروں کو دو خاندانوں کے نام سے منسوب کیا گیاجو غلط ہے اگر کسی کو اپنے نام سے ادارے بنانے ہیں تو اپنی جیب کے پیسوں سے بنائے اور اپنے نام رکھے۔