اسلام آباد: نوجوان جوڑے پر تشدد کیس میں اہم پیشرف ہوئی ہے، پولیس نے پانچویں ملزم کو بھی دھر لیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں لڑکے اور لڑکی پر تشدد کرنے والے پانچویں ملزم بلال مروت کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر اسلام آباد کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک نوجوان اور لڑکی پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اس کا نوٹس لیا تھا جب کہ پولیس نے ملزمان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا تھا۔
اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ میں ملزمان کے خلاف تشدد اورغیر اخلاقی ویڈیو بنانے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں اسلام آباد پولیس کے سب انسپیکٹر مدعی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق واقع ای الیون ٹو میں واقع اپارٹمنٹس میں پیش آیا تھا۔
سماعت کے دوران پولیس نے کیس میں گرفتار ملزمان عثمان مرزا، عطاء الرحمن اور فرحان کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیے گئے، گرفتار تین ملزمان کو مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کردیا ہے۔
قبل ازیں کمرہ عدالت کے باہر ملزمان کی جانب سے صحافیوں کو دھمکیاں دی گئی اورکوریج سے روکا گیا۔ جس پر صحافیوں نے عدالت میں پیش ہو کر ملزمان کے رویے کی شکایت کی۔
شکایت پر عدالت نے پرائیویٹ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکلنے کا حکم دے دیا اور ایس ایچ او تھانہ مارگلہ کو ہدایت کی کہ عدالت کے باہر سکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔ ملزمان کے وکلا نے ریمانڈ میں توسیع کی مخالفت کی جس پر کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔