ممبئی : آن لائن گیم کےشوقین بچے نے والدہ کا زیور بیچ دیا ۔آن لائن گیمز کے بڑھتے ٹرینڈ کے منفی نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 12 سالہ بچہ آن لائن گیم فری فائر کھیلنے میں مصروف تھا کہ اس دوران اسے گیم میں کچھ ہتھیار خریدنے کیلئے پیسوں کی ضرورت پڑی کیونکہ اگر وہ ہتھیار نہ خریدتا تو گیم مزید نہیں کھیل سکتا تھا۔
گیم اپ ڈیٹ کرنے کیلئے بچے نے پہلے اپنے والد کی جیب سے کچھ پیسے نکالے جو پورے نا تھے، بعدازاں اس نے اپنی ماں کی سونے کی چین چوری کی اور اسے 20 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پکڑے جانے کے ڈر سے بچہ گھر سے فرار ہوگیا اور دہلی سے بذریعہ ٹرین علی گڑھ پہنچ گیا جہاں اسے ایک مسافر نے پلیٹ فارم پر دیکھا تو مشکوک جان کر فوری طور پر ریلوے پروٹیکشن فورس کو مطلع کیا۔
ریلوے پولیس نے بچے سے تفتیش کی جس پر اس نے جرم کا اعتراف کیا، پھر اس معاملے کی بچے کے والدین کو خبر کی گئی جس کے بعد وہ فوری طور پر علی گڑھ پہنچ گئے۔
بچے کے والد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے اسے موبائل لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کلاسز لینے کیلئے دیا تھا لیکن اس نے گیمز کھیلنا شروع کردیں۔