اداکارہ ریشم تھیلیسمیا اور ہیموفلیلیا کے مریض بچوں کے پاس پہنچ گئیں، عید کے تحائف تقسیم کئے

03:12 PM, 10 Jul, 2021

لاہور:  اداکارہ  ریشم تھیلیسمیا اور ہیموفلیلیا کے مریض بچوں کا غم بانٹنے کے لئے ان کے پاس  جا پہنچیں،ریشم نے  بچوں میں عید کے گفٹس تقسیم کئے اور سیلفیاں بھی بنائیں۔

تفصیلات کے مطابق فاطمید فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام جوہر ٹاﺅن میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا  تھاجس میں ایڈمنسٹریٹر فاﺅنڈیشن کرنل(ر) افتخار حیدر نقوی، تھیلسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریض بچوں اور ان کے لواحقین نے شرکت کی۔ تقریب کی مہمان خصوصی فلم اسٹار ریشم تھیں۔

 اداکارہ ریشم بچوں کے پاس گئیں اور ان میں عید کے گفٹس تقسیم کئے،فلم اسٹار کو اپنے درمیان پا کر مریض بچوں میں خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہااور اداکارہ کے ساتھ خوب سیلفیاں بھی بنائیں۔ اس موقع پر اداکارہ ریشم کا کہنا تھا کہ یہ بچے پھول ہیں جنہیں مرجھانا نہیں چاہیے۔

 انہو ں نے کہا کہ میں عرصہ دراز سے تھیلیسمیا کے مریض بچوں کے ساتھ ہوں اورلاہور سمیت فیصل آباد، پشاور اور دوسرے شہروں میں ان  بچوں کے لئے فنڈ ریزنگ مہم کا بھی حصہ بن چکی ہوں۔ بچوں کے علاج کے لئے مخیر حضرات کو بھی آگے آنا چاہیے۔

 ایک سوال پر اداکارہ ریشم نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے بڑھتے واقعات میں بہت ساری وجوہات میں ایک بڑی وجہ بے روزگاری بھی ہے۔اگر بے روزگار وں کو باعزت روزگار ملے گا تو اس طرح کے واقعات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سی ایسی چیزیں ہو گئی ہیں جو نہیں ہونی چاہیے تھیں،میں سمجھتی تھی کہ کورونا وائرس کے بعدہم اپنی اصلاح کریں گے، میں نے لوگوں کو زہریلے بنتے دیکھا، ہمیں اپنی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے، یہ زندگی آج ہے، کل نہیں ہے۔

مزیدخبریں