اسلام آباد: راولپنڈی اور وفاقی دارلحکومت میں موسلادھار بارش سے بیشتر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ، گرمی کا روز بھی ٹوٹ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ڈھوک کالا خان میں پانی گلیوں اور گھروں میں داخل ہوگیا ۔ واسا کا عملہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے ۔ نالہ لئی کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11 اعشاریہ چار فٹ تک پہنچ گئی ، گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 6 فٹ تک بلند ہوئی ہے ۔ نالہ لئی میں طغیانی کا خدشے کے پیش نظر واسا عملے کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر ، گلگت بلتستان ، پنجاب اور خیبر پختو نخوا میں بھی آندھیاں چلیں گی اور بارش بھی ہوگی ۔ کراچی میں مطلع ابر آلود رہے گا اور درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا ۔ جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا ۔
آج سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی ، دالبندین 48 ، سبی اور ڈی آئی خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا ۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ سب سے زیادہ بارش راولاکوٹ میں 9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔