کابل: طالبان نے افغان پائلٹس کی ٹارگٹ کلنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پالیسی اس لئے بنائی گئی ہے کہ یہ سب اپنے ہی لوگوں پر بمباری کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے میں نشانہ بنا کر قتل کئے گئے افغان پائلٹس کی تعداد سات ہو گئی ہے اور امریکی حکام کا کہنا ہے کہ طالبان اس لئے پائلٹس کو نشانہ بنا رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس فضائی طاقت نہیں ہے تاہم افغان حکومت نے قتل ہونے والے پائلٹوں کی تعداد سے متعلق نہیں بتایا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان پائلٹوں کی ٹارگٹ کلنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان پائلٹوں کو قتل کرنے کی پالیسی اس لئے اپنائی گئی ہے کیونکہ وہ سب اپنے ہی لوگوں پر بمباری کرتے ہیں۔
سینئر افغان اہلکار کا کہنا ہے کہ طالبان کی ہٹ لسٹ میں سب سے اوپر افغان پائلٹس ہیں کیونکہ امریکہ اور نیٹو کے تربیت یافتہ افغان جنگی پائلٹ ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔
امریکی و افغان حکام کے مطابق فضائی مشن کے مقابلے میں ان پائلٹوں کی زندگی ایئر بیس کے باہر زیادہ خطرے میں ہوتی ہے، اس ضمن میں افغان پائلٹس اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔