لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا پورا ٹولہ وزر اعظم عمران خان کی دیانتداری اور ایمانداری کے سامنے کوئی سیاسی حیثیت نہیں رکھتا ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے چوروں اور لٹیروں کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند کر دیا ہے ۔
اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ سابق ادوار میں سیاست کو ذاتی تجوریاں بھرنے کے لئے استعمال کیا گیا ۔ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل میں خیانت کر کے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ۔ عوام بنیادی ضروریات کو ترستے رہے اور سابق حکمرانوں کے بینک بیلنس بڑھتے رہے ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ٹھیکوں اور منصوبوں میں کمیشن کھائے گئے اور کک بیکس لی گئیں ۔ ماضی کے کرپٹ دور میں ہر روز نیا سکینڈل سامنے آتا تھا ۔ کئی برس تک حکمرانی کرنے والے خاندانوں کی اپنی حالت بدل گئی لیکن عوام کے حالات نہیں بدلے ۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پہلی بار مافیا پر ہاتھ ڈال کر بااثر شخصیات کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا ۔ پاکستان میں اب لوٹ مار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ۔ ملک کو آگے لے جانے کے لئے قوم پی ٹی آئی کی ایماندار قیادت کے ساتھ کھڑی ہے ۔