بلاول بھٹو کی امریکہ روانگی، آصفہ بھٹو کشمیر میں انتخابی مہم چلائیں گی

بلاول بھٹو کی امریکہ روانگی، آصفہ بھٹو کشمیر میں انتخابی مہم چلائیں گی
کیپشن: بلاول بھٹو کی امریکہ روانگی، آصفہ بھٹو کشمیر میں انتخابی مہم چلائیں گی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کشمیر میں انتخابی مہم کا دوسرا مرحلہ مکمل کر کے خصوصی طیارے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کراچی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

بلاول بھٹو کی آج امریکہ روانگی متوقع ہے اور اپنے دورہ امریکہ میں وہ منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ بلاول بھٹو طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکہ میں ایک ہفتے قیام کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کی بیرون ملک مصروفیات کے دوران آصفہ بھٹو زرداری کو کشمیر کے انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آصفہ بھٹو کشمیر میں ہونے والے انتخابات میں پارٹی کی جانب سے جاری انتخابی مہم چلائیں گی اور اپنے دورہ کشمیر میں پارٹی کارکنان سے بھی خطاب کریں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا 25 جولائی کو عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے اور جیالے کٹھ پتلی اور شیر کو کشمیر سے بھگائیں گے کیونکہ کشمیر سے ہمارا تین نسلوں کا رشتہ ہے اور جب  تک کشمیری ساتھ ہیں پیپلزپارٹی کو کوئی ختم نہیں کر سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں نئی نسل نے جدوجہد شروع کی ہے اور الیکشن اقتدار اور راج کرنے کے لیے نہیں لڑتے بلکہ اقتدار میں آ کر ہمیشہ غریب عوام کی خدمت کی ہے اور ہمیشہ غریبوں کے تحفظ کیلئے ایک دیوار بن کر سامنے آئے ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا سازش کے تحت پیپلز پارٹی کو روکنے اور توڑنے کی کوشش کی گئی اور جس کو بھی حکومت ملی اس نے غریب کو تکلیف پہنچائی جبکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کو ریلیف دیا۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے مریم نواز کے خلاف کسی بھی قسم کی بیان بازی نہ کریں کیونکہ ہم سیاسی مخالف ہیں اور اگر مخالفت کریں گے تو ایشوز پر کریں گے جبکہ ہم مخالفت میں ذاتیات پر بات نہیں کریں گے۔