شوگر ملز کی فوری کارروائی کیخلاف انٹراکورٹ اپیل بھی مسترد

06:17 PM, 10 Jul, 2020

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے شوگرملز مالکان کی چینی کمیشن رپورٹ پر فوری کارروائی روکنے سے متعلق انٹراکورٹ اپیل بھی مسترد کر دی.اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن نے شوگر ملز مالکان کی انٹر اکورٹ اپیل پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں شوگرملز ایسوسی ایشن کی چینی کمیشن رپورٹ پر فوری کارروائی روکنے کی استدعا منظور نہیں کی تاہم انٹرا کورٹ اپیل اور اسٹے آرڈر کی درخواست پر وفاق کو نوٹسز جاری کر دیے۔

عدالت کی جانب سے وفاقی سیکرٹری داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور چینی انکوائری کمیشن کے ارکان کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ مئی میں چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فارنزک کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ میں چینی اسیکنڈل میں ملوث افراد کےخلاف فوجداری مقدمات درج کرنے اور ریکوری کرنےکی سفارش کی گئی ہے جب کہ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ریکوری کی رقم گنےکےمتاثرہ کسانوں میں تقسیم کردی جائے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے انکوائری کمیشن کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اسے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے عدالت سے حکومت کو کارروائی سے روکنے کی درخواست کی تھی جسے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے مسترد کردیا تھا۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے ہائی کورٹ کے فیصلے کےخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کی تھی  اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ چینی انکوائری کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ درست نہیں اس لیے انٹراکورٹ اپیل پر فیصلے تک شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے مطابق کارروائی معطل رکھی جائے تاہم اس درخواست کو بھی عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔

مزیدخبریں