وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی

وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی
کیپشن: Image Source: PTI Twitter Account

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی۔ 22 جولائی کو وزیراعظم عمران خان وائٹ ہاؤس پہنچیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق، ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس آنے پر وزیراعظم عمران خان کا خیر مقدم کریں گے۔

 

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور عمران خان کے درمیان انسداد دہشتگردی، دفاع، توانائی اور تجارت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

 

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے میں پاک امریکا تعلقات  کی مزید مضبوطی توجہ کا مرکز ہو گی، پاک امریکا تعاون کا مقصد خطے میں امن و استحکام اور معاشی خوشحالی لانا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا مقصد جنوبی ایشیاء میں امن اور پاک امریکا دیرپا شراکت داری کا ماحول پیدا کرنا ہے۔

 

اس سےقبل وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں اور اس حوالے سے دونوں ممالک کی جانب سے کوئی واضح پالیسی بیان بھی جاری نہیں کیا گیا تھا۔